کینبرا: آسٹریلیا میں نیشنل امیچور شارٹ فلم فیسٹیول کے تحت سکالرشپ حاصل کرنے والے طلباء کی جانب سے پاکستان کے مختلف ثقافتی رنگوں کو اجاگر کرنے والی مختصر فلموں کی نمائش کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے پاکستانی ثقافت اور سیاحت کے فروغ کے لیے نیشنل امیچور شارٹ فلم فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا جو کہ پاکستان کے باصلاحیت نوجوانوں کو دنیا کے سامنے اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع فراہم کر رہا ہے۔
نیشنل امیچور شارٹ فلم فیسٹیول سے وظائف حاصل کرنے والے طلباء کو فلم سازی میں ایک سالہ ڈپلومہ کے لیے نیویارک فلم اکیڈمی گولڈ کوسٹ آسٹریلیا بھیجا گیا ہے جہاں انہیں جدید فلم سازی کی تربیت دی جاتی ہے۔
یوم پاکستان کے موقع پر ان پاکستانی طلباء نے آسٹریلیا میں ‘لو لیٹرز ٹو پاکستان’ کے نام سے ایک تقریب کا اہتمام کیا۔ اس تقریب میں پاکستان کے مختلف ثقافتی رنگوں کو اجاگر کرنے والی مختصر فلمیں دکھائی گئیں۔
اس تقریب میں آسٹریلیا میں مقیم پاکستانی اور غیر ملکی لوگوں نے دور دور سے شرکت کی اور ان باصلاحیت پاکستانی نوجوانوں کی بہترین اور اعلیٰ معیار کی مختصر فلموں کو سراہا۔